اداکارہ تریشا کرشنن کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ تریشا کرشنن کے چنئی میں واقع گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے شوبز حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے ڈی جی پی کنٹرول روم کو ایک ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کی رہائش گاہ کے ساتھ ساتھ بنگلادیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کے گھر پر بھی بم نصب کیے گئے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری طور پر دونوں مقامات کا گھیراؤ کر کے مکمل تلاشی لی، تاہم بعد ازاں یہ دھمکی بے بنیاد اور محض افواہ ثابت ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کی جعلی ای میلز میں اضافہ ہوا ہے، جن میں معروف شخصیات کو نشانہ بنانے کی بات کی جاتی ہے، لیکن اب تک تمام اطلاعات غلط ثابت ہوئی ہیں۔ اس معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔

یاد رہے کہ 43 سالہ تریشا کرشنن کا شمار جنوبی بھارت کی مہنگی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، اور اس سے قبل رجنی کانت اور دھنوش جیسے بڑے ناموں کو بھی اسی نوعیت کی جھوٹی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔

دوسری جانب اداکارہ ایک اور وجہ سے بھی خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں ان کی اداکار وجے کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں موجودگی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس کے بعد دونوں کے تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔

کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ وجے کی اہلیہ سنگیتا نے طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی ہے اور اس کی وجہ مبینہ طور پر تریشا سے متعلق معاملات کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ان خبروں کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں