سبی سرکٹ ہاوس میں سولر پلیٹ اور بیٹریوں کی تقسیم کے عمل میں مبینہ غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف مسیحی برادری کی جانب سے سبی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

سبی(رپورٹر)سبی سرکٹ ہاوس میں سولر پلیٹ اور بیٹریوں کی تقسیم کے عمل میں مبینہ غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف مسیحی برادری کی جانب سے سبی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مسیحی برادری کے بزرگ رہنما بابا دولت را ج نے کی، جبکہ چوہدری فرہاد مسیح کھوکھر، شبیر پراچہ، پترس بھٹی، میڈیم ناہید چنڈال سمیت دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے رکن صوبائی اسمبلی سنجے کمار کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سولر سسٹمز کی سرکٹ ہاوس میں حالیہ تقسیم میں شفافیت کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کا الزام تھا کہ تقسیم کے عمل میں میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صرف من پسند اور بااثر افراد کو نوازا گیا، جبکہ مستحق اور غریب خاندانوں کو نظرانداز کر دیا گیا۔مقررین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کا مقصد نادار اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہوتا ہے، مگر یہاں اس کے برعکس عمل دیکھنے میں آیا ہے، جس سے حقیقی مستحقین شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔مسیحی برادری کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ مستحق افراد کو ان کا حق فراہم کیا جائے احتجاج کے اختتام پر مظاہرین نے پرامن طور پر منتشر ہونے سے قبل حکام کو متنبہ کیا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو آئندہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں