صحبت پور میں پولیو سے بچاؤ کی آگاہی ورکشاپ، مہم میں تعاون کی اپیل

صحبت پور (عطا محمد کھوسہ ) ضلع کونسل ظہور حسین میموریل ہال صحبت پور میں ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چائلڈ اسپیشلسٹ و ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد عارف داجلی کے ہمراہ پولیو کمیونیکیشن آفیسر طاہر علی مستوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتا ہے، تاہم بروقت حفاظتی قطرے پلانے سے اس بیماری سے مکمل بچاؤ ممکن ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 18 سے 21 تاریخ تک محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی، جبکہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوام، والدین، اساتذہ، سماجی رہنماؤں اور میڈیا کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع صحبت پور کو پولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ہر بچہ صحت مند، محفوظ اور روشن مستقبل حاصل کر سکے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں