کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئرہادی عسکری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،منگلہ زرغون غر کے علاقے میں ٹی ٹی پی اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 35سے زائد خوارج کی ہلاکت اور تین کمانڈروں کی گرفتاری پر سیکورٹی ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئرہادی عسکری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام، مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے اور یہی جماعت ملک میں حقیقی جمہوریت کی علامت ہے چیئرمینبلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ اور نوجوان قیادت میں پیپلز پارٹی کا مستقبل نہایت روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی اورعوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام حلقوں میں یکساں ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور سیکورٹی فورسز،پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اور گزشتہ روز منگلہ زرغون غر کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں ٹی ٹی پی اور فتنہ الہندوستان کے 35دہشت گردوں کی ہلاکت اور تین کمانڈروں کی گرفتاری پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج،ایف سی،پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں اورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کامکمل صفایا کردیا جائے گا۔

