جھل مگسی(این این آئی)ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اجلاس نولنگ ہال گنداواہ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں جاری (بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو) کے تحت ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل کے حل اور مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں (لیفٹیننٹ کرنل) عاصم خان، ایس پی جھل مگسی رحمت اللّٰہ درانی سمیت مختلف محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ جھل مگسی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی کہ انکی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں (بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو BSDI) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے کام کو معیاری طور پر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں مزید امن و امان کی مجموعی صورتحال، تعلیمی اداروں کی کارکردگی، صحت و صفائی کے انتظامات، سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر تمام کام مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں جبکہ درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہی عوامی مسائل کا موثر حل ممکن ہے۔ انھوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں تاکہ ضلع جھل مگسی میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے اور ضلع کی عوام کے درپیش مسائل میں کمی واقع ہو۔

