لورالائی(این این آئی) کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ ڈویڑنل پبلک اسکول لورالائی کو جدید اور معیاری تعلیمی ادارہ بنا کر پنجاب کے معروف ڈویڑنل پبلک اسکولز کے ہم پلہ لایا جائے گا تاکہ علاقے کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات مقامی سطح پر میسر آسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویڑنل پبلک اسکول لورالائی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل ڈویڑنل پبلک اسکول نے کی جبکہ اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں کمشنر لورالائی ڈویڑن نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور بچیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔کمشنر ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ ڈویڑنل پبلک اسکول کبھی زبوں حالی کا شکار تھا، تاہم اب اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایسے طلبہ و طالبات جنہوں نے امتحانات میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے ہوں، انہیں ڈویڑنل پبلک اسکول میں مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ بیرونی اسکولوں سے آنے والے ہونہار طلبہ بھی اگر 90 فیصد سے زائد نمبر رکھتے ہوں تو انہیں بغیر فیس داخلہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں قابل، تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ادارے میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو ایک اہم تعلیمی پروگرام جبکہ 14 اگست کو خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی تاکہ طلبہ میں قومی شعور اور تعلیمی آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈویڑنل پبلک اسکولز کا قیام معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی کے مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شریف کمیشن 1958-59 کی سفارشات کی روشنی میں پہلا ڈویڑنل پبلک اسکول 1963 میں قائم کیا گیا اور آج پنجاب کے مختلف ڈویڑنز میں یہ ادارے کامیابی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔آخر میں کمشنر لورالائی ڈویڑن نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی کا بچہ کسی سے کم نہیں اور انہیں بہترین مواقع فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

