ڈپٹی کمشنر صحبت پور کی زیر صدارت پولیو مہم کا اہم جائزہ اجلاس، ہدف مکمل کوریج پر زور

صحبت پور(رپورٹ اعجاز پیچوہا)ڈپٹی کمشنر صحبت پور، محترمہ فریدہ ترین کی زیر صدارت جاری انسدادِ پولیو مہم SNID کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں محکمہ صحت کے متعلقہ افسران، یو سی ایم اوز ایریا انچارجز پولیو سپروائزرز، پولیس سیکیورٹی انچارج، اور مانیٹرنگ ٹیموں کے نمائندگان نے شرکت کی
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اس موقع پر فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی بچوں کی کوریج رفیوزل کیسز اور مائیکرو پلان پر عملدرآمد کا بغور معائنہ کیا گیا۔ مختلف یونین کونسلز سے موصول ہونے والی فیلڈ رپورٹس کی روشنی میں مہم کے دوران درپیش مسائل اور ان کے مؤثر حل پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا ڈپٹی کمشنر محترمہ فریدہ ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، ٹیموں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کے عمل کو منظم اور فعال رکھا جائے انہوں نے مزید کہا کہ رفیوزل کیسز کے خاتمے کے لیے والدین میں شعور و آگاہی پیدا کرنا نہایت ضروری ہے اور اس ضمن میں کمیونٹی انگیجمنٹ کو مزید مضبوط کیا جائے تمام پولیو ٹیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ قومی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض پوری دیانتداری ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع صحبت پور کو پولیو فری بنانے کے قومی مشن کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور مہم کے اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں