کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔شہر میں پرائس کنٹرول،تجاوزات،صفائی ستھرائی اور ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر معمولات کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ کے مطالعاتی دورہ کے موقع پر کیا۔ (نیپا) کوئٹہ کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء پر مشتمل ایک وفد نے فیکلٹی ممبران اسلم غنی، خالد لاشاری، سید عثمان اور سید امیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ زاہد خان،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمات اور شہری مسائل کے حل کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، گرانفروشی کے خاتمے، صفائی ستھرائی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو پرائس کنٹرول مہم، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیوں، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں،“صفا کوئٹہ”مہم، گرین بس سروس، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی بہتری اور شہری سہولیات سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔ اسی طرح صفا کوئٹہ مہم کے تحت شہر کی صفائی، کچرے کی بروقت منتقلی اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ گرین بس سروس شہریوں کو معیاری اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی، عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحاتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مثبت پیش رفت قرار دیا۔ شرکاء نے خصوصاً پرائس کنٹرول، صفائی مہم اور عوامی سہولیات کی بہتری کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر ایم سی ایم سی بیچ 46 کے شرکاء کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن زاہد خان خلجی کو عوامی خدمت اور بہترین انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

