نوجوان طلبہ معاشرتی تبدیلی میں کردار ادا کریں، بدعنوانی ناقابل برداشت ہے: نیب بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں، نیب بلوچستان نے تعمیر نو پبلک کالج کوئٹہ میں “نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد نوجوان طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب بلوچستان خرم شہزاد کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز محمد حسین بلوچ اور پرنسپل تعمیر نو پبلک کالج عابد مقصود بھی طلباء کی ایک کثیر تعداد کے ساتھ موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب نے طلباء سے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں اور بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ پروگرام کے دوران ڈائریکٹر کالجزمحمد حسین بلوچ اور پرنسپل تعمیر نو پبلک کالج عابد مقصود نے موضوع کے اعتبار سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نیب بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار کیاختتام پر نیب کی جانب سے پرنسپل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ بعدازاں کالج میں کرپشن کے خلاف آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں نیب افسران، ڈائریکٹر کالجز، پرنسپل، پروفیسرز اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں