اوستہ محمد (نامہ نگار عابدعلی) پاکستان اور اسلامی جمہوریہ چین کے مابین دیرینہ اور لازوال دوستی کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر آفس اوستا محمد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کی دوستی کی علامت کے طور پر پرچم کشائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، آج ڈپٹی کمشنر آفس اوستا محمد میں منعقدہ خصوصی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اوستا محمد محمد رمضان پلال تھے۔ انہوں نے باقاعدہ طور پر پرچم کشائی کی اور اس تاریخی موقع پر پاکستان اور چین کے مثالی تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر بلوچستان پولیس کے چاک و چوبند دستے نے پاک چین دوستی کے احترام میں اور مہمانِ خصوصی کو روایتی انداز میں سلامی پیش کی، جبکہ پولیس بینڈ نے شاندار دھنیں بکھیریں۔
ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے کر ایک مخلص اور سچے پڑوسی کا حق ادا کیا ہے۔ سی پیک (CPEC) سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے دونوں ممالک کے مستحکم رشتوں اور خطے کی خوشحالی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اوستا محمد پاک چین لازوال تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور آج کی یہ تقریب اسی مخلصانہ رشتے کی تجدید کا ایک حصہ ہے۔
تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، معززینِ شہر، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے دونوں ممالک کی ترقی، خوشحالی اور پاک چین دوستی کی پائیداری کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔

