ایف آئی اے بلوچستان کی حوالہ ہنڈی،غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کیخلاف کارروائیاں

کوئٹہ(این این آئی) ایف آئی اے بلوچستان زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں متعدد ملزمان کو عدالت سے سزائیں دلوادیں جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی باشندوں کو افغانستان ڈی پورٹ کردیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ (FERA) کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے، جن کی مؤثر پیروی کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چمن کی عدالت نے مختلف مقدمات میں ملزمان کو قید کی سزائیں سنائیں۔حکام کے مطابق ایک مقدمے میں عدالت نے 18 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ایف آئی اے بلوچستان زون کے مطابق حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار ملزمان کے مقدمات کو عدالت میں مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی انسپکٹر محمد ادریس خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم غفار نے پیشہ ورانہ انداز میں مقدمات کی پیروی کی جس کے نتیجے میں عدالت سے سزائیں ممکن ہوئیں۔ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان زون محمد بہرام خان نے کہا ہے کہ قومی معیشت کے تحفظ کے لیے مالی جرائم کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور حوالہ ہنڈی جیسے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں