اوتھل (این این آئی)اوتھل پولیس اور سی آئی اے نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ، کارتوس اور دیگر مشکوک سامان برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق انچارج سی آئی اے لسبیلہ جان محمد جاموٹ، ایس ایچ او اوتھل انسپکٹر وحید علی مگسی اور ایس ایچ او لاکھڑا سب انسپکٹر عبدالجلیل سومرو کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے مخبر خاص کی اطلاع پر تھانہ لاکھڑا کی حدود میں واقع علاقے “جیزن لاکھڑا لاشاری گوٹھ” میں ایک مؤثر اور حکمت عملی کے تحت چھاپہ مارا اور?پولیس ٹیم نے انتہائی مہارت سے ملزم ذوالفقار عرف شوکت علی ولد علی حسن (قوم لاشاری، سکنہ جٹ پٹ جعفرآباد، حال مقیم لاشاری گوٹھ) کے گھر کا محاصرہ کیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ گھر کی جامع تلاشی کے دوران پولیس نے درج ذیل سامان2 عدد شاٹ گن رائفلیں (بمعہ 10 عدد زندہ کارتوس, 2 عدد ٹی ٹی پسٹلز (بمعہ لوڈ میگزین اور 5 عدد زندہ کارتوس, 3 عدد سولر انورٹرز,2 عدد موٹر سائیکلز برآمد کر کے اپنے قبضے میں لے لیا.برآمد ہونے والے سولر انورٹرز اور موٹر سائیکلوں کے حوالے سے تفتیش اور تصدیق کا عمل جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ سامان کس کی ملکیت ہے اور کیا یہ کسی چوری یا ڈکیتی کی واردات میں تو استعمال نہیں ہوا۔تھانہ لاکھڑا پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف اسلحہ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 04/2026 درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے اس کامیاب مشترکہ کارروائی پر لاکھڑا پولیس، اوتھل پولیس اور سی آئی اے لسبیلہ کے افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

