کوئٹہ(این این آئی) فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کوئٹہ شہر سے عید کی خوشیاں منانے کیلئے ٹرین پر جانے والے مسافروں کو خود کش دھماکے کا نشانہ بنانے کی پْر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے جو انسانیت کے اصولوں اور تمام مذاہب کی تعلیمات سے متصادم ہے، دہشت گردی کی ایسی گھناؤنی اور بْزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان امن، سلامتی، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کو ختم کرنے کی کوششوں میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ٹرین پر خود کش حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں تاہم پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گااور دہشتگردوں کو انشاء اللہ انکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ چوہدری نعیم کریم نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) شہد اورزخمیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی،صوبائی حکومتیں اورقانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے میں ملوث اصل دہشت گردوں اورانکے سہولت کاروں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

