عید کے دوران شہریوں کو پانی کی فراہمی میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،رمضان اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی)عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے واسا نے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں اس سلسلے میں چیف انجینئر رمضان اچکزئی کی زیرِ صدارت واسا فیلڈ اسٹاف کا ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں عید کے دوران پانی کی سپلائی اور عوامی سہولیات سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کی نگرانی اور فوری مسائل کے حل کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مسلسل صورتحال پر نظر رکھیں گی۔ حکام کے مطابق عید کے تینوں دن واسا کا عملہ اپنے متعلقہ دفاتر اور فیلڈ میں موجود رہے گا تاکہ کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔چیف انجینئر رمضان اچکزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عید کے دوران شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے بروقت حل کے لیے شکایات کے ازالے کا مؤثر نظام بھی فعال رکھا جائے گا۔اجلاس میں متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف نے عید کے دوران پانی کی مسلسل فراہمی اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں