نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے پھر انسانیت دشمنی کو بے نقاب کر دیاہے،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کوئٹہ میں ٹرین پر خود کش حملے میں فرنٹیر کور کے اہلکاروں سمیت دیگر شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے شہریوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے ایک بار پھر اپنی بربریت، بزدلی اور انسانیت دشمنی کو بے نقاب کر دیاہے معصوم مسافروں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والوں کاکسی بھی مذہب سے تعلق نہیں ہے،پاکستان پیپلز پارٹی شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابرکی شریک ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے عید اپنے گھروں کو منانے کیلئے جانے والے شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں دہشتگرد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کو مالی معاونت فراہم کر کے ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتی ہیں تاکہ پاکستان معاشی اور سیاسی طور پر کمزور ہو جائے لیکن دشمن کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خود کش دھماکے میں شہید اورزخمی ہونے والے افرادکے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں