کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے عیداالاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں۔ اس سلسلے میں بروزمنگل 26مئی شام 6بجے سے جمعہ 29مئی کی رات 12بجے تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرکے تمام فیڈروں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراردے دیاگیاہے اسکے علاوہ کوئٹہ شہرسے باہر سٹی و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کے فیڈروں پر بھی عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔البتہ صوبہ میں موجودتمام رورل فیڈروں کواُنکے پرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران کیسکوپاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی) میں ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کردیاگیاہے جوعید کی تعطیلات کے دوران بجلی فراہمی اورمجموعی صورتحال کی مانیٹرنگ کرے گا۔کنٹرول روم تمام فیڈروں سے بجلی کی بندش اور کسی بھی علاقے میں تکنیکی خرابی کی صورت میں منقطع بجلی کی دوبارہ بحالی کیلئے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کرنے کابھی پابند بنائے گا۔ علاوہ ازیں عیدکی تعطیلات کے دنوں میں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پربھی کنٹرول روم قائم کردئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی علاقے میں پیداہونے والے تکنیکی فالٹ کی بروقت درستگی یا انفرادی شکایات کا ازالہ کم سے کم وقت میں کیاجاسکے۔کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے وہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی بندش اور کسی بھی انفرادی شکایت کیلئے اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے کمپلینٹ سینٹرسے رابطہ کریں۔ اسکے علاوہ صارفین کی سہولت کیلئے بجلی کے مرکزی ہیلپ لائن 118پربھی 24گھنٹے شکایات درج کروانے کی سہولت موجود ہے نیز صارف اپنے موبائل فون سے 8118پر بذریعہ پیغام(یعنیSMS) کے زریعے بھی بجلی بل کاحوالہ نمبردرج کرکے شکایات ارسال کرسکتے ہیں جس پر فوری کارروائی عمل میں لاکر صارف کی شکایت کابروقت ازالہ کیاجائے گا۔

