دہشتگردی ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی، متحد ہو کر انسانیت کی خدمت جاری رکھیں گے، روبینہ شاہ

کوئٹہ(این این آئی)ہیلتھ ایجوکیشن اینڈ انوائرمنٹ پروگرام بلوچستان (HEEP) کی عہدیدار اور سوشل ورکر روبینہ شاہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی، متحد ہو کر انسانیت کی خدمت جاری رکھیں گے۔عینی شاہدین کے مطابق روبینہ شاہ کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب ٹرین شٹل سروس میں دھماکے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کی مدد شروع کر دی۔ اس موقع پر مزید دھماکے کے خطرے کے پیش نظر انہیں متاثرہ علاقے میں نہ جانے کو کہا گیا لیکن روبینہ شاہ نے نہ صرف لوگوں کو حوصلہ دیا بلکہ انہیں امدادی کاموں میں شامل ہونے پر آمادہ بھی کیا۔ انہوں نے فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں کے ساتھ مل کر زخمیوں کو ملبے اور متاثرہ ٹرین سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ روبینہ شاہ نے چھیپاایمبولینس سروس کے ذریعے زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کروایا اور خود بھی ہسپتال جا کر زخمیوں کے لیے خون کا عطیہ دیا۔روبینہ شاہ نے اس سانحے میں جان بحق ہونے والوں کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی، ہم متحد ہو کر انسانیت کی خدمت جاری رکھیں گے۔روبینہ شاہ کا یہ اقدام انسانیت، خدمت خلق اور قومی یکجہتی کی روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔شہری حلقوں، سماجی تنظیموں اور مقامی افراد نے مس روبینہ شاہ کی جرات اور انسان دوستی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں