کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ میں مہنگے داموں ایرانی پیڑول فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی 68منی پیٹرول پمپ سیل 52افراد گرفتار کرلئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی شکایات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کے سٹی، صدر، سریاب اور کچلاک سب ڈویژن میں منی پیٹرول پمپ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 68 منی پیٹرول پمپ سیل جبکہ 52 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی شکایات، مہنگے داموں پیٹرول فروخت کرنے والوں اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح کیاکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سخت ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور شہریوں کے مفادات کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

