نصیرآباد(این این آئی) ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے چھتر روڈ ربیع سے گزشتہ28 اپریل کو اغوا ہونے والے پندرانی زہری قبیلے کے دو افراد، محمد علی پندرانی زہری اور حاجی خان پندرانی زہری گزشتہ شب بحفاظت بازیاب ہو گئے۔اس موقع پر پندرانی قبیلے کے سرکردہ شخصیت چیئرمین یونین کونسل صوفی دوست محمد پندرانی نے مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر زہری قوم، بالخصوص چیف آف جھالاوان و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری، صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری، نوابزادہ میر نیاز احمد زہری، نوابزادہ میر شہزاد خان زہری سمیت تمام قبائلی معتبرین، عمائدین اور معززین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے تمام قبائلی شخصیات اور معتبرین نے بھرپور کردار ادا کیا، تاہم اس کامیابی کا اصل کریڈٹ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کو جاتا ہے، جن کی خصوصی دلچسپی، مسلسل کوششوں اور مؤثر رہنمائی کے باعث دونوں مغوی بحفاظت اپنے خاندانوں میں واپس پہنچے۔صوفی دوست محمد پندرانی نے کہا کہ نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے پندرانی زہری قبیلے کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوششیں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہیں۔ انہوں نے تمام افراد کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں جس طرح زہری قوم اور قبائلی قیادت نے یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

