جامعہ تربت کے طلبہ کا کیپسٹی بلڈنگ اینڈ ایکسپوڑر پروگرام میں شرکت اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ

تربت (این این آئی) جامعہ تربت کے طلبہ نے حکومت بلوچستان کے محکمہ اسپورٹس اینڈ امور نوجوانان کے زیر اہتمام منعقدہ سات روزہ کیپسٹی بلڈنگ اینڈ ایکسپوڑر پروگرام میں شرکت کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس پروگرام کے تحت طلبہ نے 18 سے 24 مئی 2026 تک اسلام آباد، لاہور اور سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیمی، ثقافتی اور صنعتی شعبوں سے روشناس کرانا تھا تاکہ ان کے پریکٹیکل علمی فہم و فراست میں وسعت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی کی راہ کو ہموار کیا جاسکے۔دورے کے دوران طلبہ نے مختلف جامعات، تحقیقی مراکز، تاریخی مقامات، معروف صنعتی اداروں اور ٹیکسٹائل ملوں کا دورہ کیا۔جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پروگرام میں شریک طلبہ نے اس معلوماتی اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر حکومت بلوچستان کے محکمہ اسپورٹس اینڈ امور نوجوانان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی دینے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اس نوعیت کے مطالعاتی دوروں کا باقاعدگی اور تسلسل کے ساتھ انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ تربت اپنے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے، تاکہ طلبہ کی ڈیجیٹل، تخلیقی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مزید طلبہ دوست سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں