لورالائی(این این آئی) کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈویژن کے انتظامی افسران سمیت سماجی اور سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سردار رفیق ترین، اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم، اسسٹنٹ کمشنر میختر یحیٰ چرمی، سید محمد ہوتک، مولوی علی جان کبزئی، ایڈووکیٹ مولانا عطاؤاللہ شاہ بخاری سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں کیک کاٹا گیا جبکہ شرکاء کے اعزاز میں چائے پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے لورالائی ڈویژن کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے دفتر کا قیام عوامی خدمت، بہتر طرزِ حکمرانی اور انتظامی امور میں مزید بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈویژن بھر میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئے دفتر کے قیام سے انتظامی امور میں مزید بہتری آئے گی اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی پیدا ہوگی۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

