سیکرٹری پی اینڈ ڈی عامر لطیف عوان سے مختلف شہری وفود کی ملاقاتیں

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر عامر لطیف عوان سے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہری وفود نے ملاقاتیں کیں اور اپنے اپنے علاقوں اور ذاتی نوعیت کے مختلف مسائل و معاملات سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پی اینڈ ڈی عامر لطیف عوان اپنی روزمرہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ مختلف وفود نے ملاقات کے دوران اپنے مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا جبکہ بعض شہریوں نے تحریری درخواستیں بھی پیش کیں جن پر سیکرٹری موصوف نے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات اور احکامات جاری کیے۔وفود میں شامل شخصیات نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عامر لطیف عوان ایک باوقار، دیانت دار، فرض شناس اور نیک سیرت بیوروکریٹ ہیں جو عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے تحریر کردہ کسی بھی معاملے کو وہ پوری دلچسپی سے سنتے اور اس پر مناسب ردِعمل دیتے ہیں جس سے سائلین کو حوصلہ اور اعتماد ملتا ہے۔معروف سماجی شخصیت اور سینئر کالم نگار سید برکت حسین شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بیوروکریسی اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران ریاست اور شہریوں دونوں کو یکساں اہمیت اور احترام دیتی ہے تو اس سے ایک مثبت تاثر ابھرتا ہے۔ ان کے مطابق عوام دوست رویے اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل نہ صرف سرکاری اداروں کی ساکھ میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ شہریوں کے ریاستی نظام اور ریاستی اداروں پر اعتماد کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے افسران جو عوامی مسائل کے حل، میرٹ، شفافیت اور خوش اخلاقی کو اپنی ترجیحات بناتے ہیں وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ شہری وفود نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی عامر لطیف عوان آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں