کوئٹہ(این این آئی)ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، عوامی شکایات کے ازالے کیلئے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اورمحفوظ ماحول کی یقینی بنانے کیلئے پولیس کو دی گئی ذمہ داریوں کواحسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی ہوئے ہے۔عوام کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کی بحالی، جرائم کے موثر خاتمے اور جدید پولیسنگ کے نظام کے تحت مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو بھرپور محنت، ایمانداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ جرائم تدارک کے جاری مہم کے دوران کوئٹہ شہر میں منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر، موٹر سائیکل، گاڑیاں، موبائل فون چھیننے،چوری وراہزنی سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب اشتہاری، مفرور ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 80ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے 75عدد ریوالور و پسٹل 2عددکلاشنکوف، 4 عدد شارٹ گن،801کارتوس، 2 عدد میگزین قبضے میں لی۔ جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 35 ملزمان کو حراست میں لیکر ان سے 108.393 کلو گرام چرس،2.10 کلوگرام ہیروئن،1251شراب کی بوتلیں اور 376بیئر کین برآمد کیں۔اس کے علاوہ مہم کے دوران 68 اشتہاری ملزمان،57 مطلوب مفرور جبکہ مختلف جرائم میں 1083 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اور 5 مغویوں کو بازیاب کرایا گیاا ہے اسی طرح 3 مسروقہ گاڑیاں،17موٹر سائیکلیں، 8 موبائل فون، جبکہ دفعہ 144کے دوران 1موٹرسائیکل،2071لیٹر پیٹرول اور 420 لیٹر ڈیزل برآمد کیں۔پولیس اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام پر مبنی رویہ اپنائیں اور تھانوں میں آنے والے سائلین کے مسائل کوترجیحی بنیائدوں پر حل کیا جائے۔ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور شفاف کارروائی سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ پولیس اور شہریوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

