عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، میر محمد صادق عمرانی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی مخلوط صوبائی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کی شروع دن سے ہی کوشش رہی ہے کہ صوبے کے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں صحت، تعلیم، مواصلات، آبپاشی سمیت مختلف دیگر شعبوں کے لیے فنڈز کا تعین ان شعبوں کی اہمیت اور افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی مواقع مل سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میر سرفراز بکٹی کی سربراہی میں حکومت میں شاملِ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے برابری کی بنیاد پر مختلف علاقوں بجٹ سمیت درپیش مسائل کے حل کیلئے جاندار تجاویز شامل کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وہ خود اسلام آباد گئے تھے جہاں وفاقی حکومت صوبوں کو کچھ بھی دینے کے لیے تیار نہیں بلکہ وفاق کی طرف سے مطالبہ ہے کہ صوبے وفاق کو وسائل فراہم کریں لہذا صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بجٹ میں مختلف تجاویز شامل کر رہی ہے تاکہ صوبہ ترقی اور خوشحالی منازل طے کرسکے، صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے مخصوص حالات کی وجہ سے ریاست میں جنگی صورتحال موجود ہے لہذا اس حوالے سے صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو تاکہ ترقیاتی عمل تیزی کے ساتھ جاری رہے سکے، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عہد کے مطابق خطیر رقم سے جدید طرز کا ہسپتال زیر تعمیر ہے جہاں لیور ٹرانسپلانٹ کے علاؤہ دیگر مختلف امراض کے علاج کیلئے سہولیات میسر ہوں گی، انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کی تکمیل سے صوبے کے لاکھوں لوگوں کو علاج و معالجے کے وسائل دستیاب ہوں گے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پٹ فیڈر کینال کے لیے 62 ارب روپے کا جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے انہوں نے کہا کہ 1970 سے یہ نہر بنا تھا جس پر کام نہیں ہوا اور اس نہر میں تین ہزار کیوسک پانی آتا ہے اب اس نہر پر تیزی سے کام جاری ہے، کیر تھر کینال پر بل صفائی سمیت مزید تین نہریں نکالی گئی ہیں ان منصوبوں کی تکمیل اور لاکھوں ایکڑ زمینوں کی آبادی سے لوگ خوشحال ہوں گے اور علاقہ ترقی کرے گا، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 200 سے زائد چھوٹے ڈیموں پر بھی کام جاری ہے تاکہ لوگوں کو صاف پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں لیکن ہمارا عزم بڑا ہے لہذا ہم نے صوبے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک نیتی سے جو علم بلند کیا ہے وہ کبھی بھی گرنے نہیں دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں