گڈ گورننس،بہترین سروس ڈیلیوری عوام کا بنیادی حق ہے،،چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ گڈ گورننس اور بہترین سروس ڈیلیوری عوام کا بنیادی حق ہے، حکومت کی ذمہ داری کہ وہ اپنے شہریوں کو شفاف، مؤثر اور مساوی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سروس ڈیلیوری میں شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، پرانی گاڑیوں کی نیلامی، ترقیاتی منصوبوں کے پی سی۔1 کی تیاری سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ 197ترجیحی ترقیاتی منصوبوں میں سے 138 منصوبوں کی پی سی۔ 1 متعلقہ محکمے کو پہنچ چکی ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ باقی منصوبوں کی بھی پی سی۔ 1 جلدی مکمل کرکے بھیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانی گاڑیوں کی جلد نیلامی کو یقینی بنایا جائے۔ نیلامی میں شفافیت کو اولین اہمیت دی جائے تاکہ سرکاری نمبروں کا غلط استعمال روکا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام آفیسران اپنے جائے تعیناتی پر حاضر رہیں تاکہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہو۔ کیونکہ ہم عوام کی خدمت کے لیے ہی بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے وفاقی سطح پر صوبے کی حصہ میں خالی آسامیوں پر بات کی جائے گی تاکہ صوبائی کوٹے پر مختص شدہ خالی آسامیوں پر تقرری کو یقینی بنایا جا سکے۔ اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ اور ایویلوایشن سیکشن کی کارکردگی سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سیکشن کی مؤثر نگرانی، باقاعدہ جائزے اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں نے منصوبوں کی شفافیت، بروقت تکمیل اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں