کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام نے 7 جون سے پہلے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں اپنا فیصلہ دے دیا ہے جس طرح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ آصفہ بھٹو زرداری کا گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شاندار استقبال کیا گیا، اور بڑے بڑے جلسوں، ریلیوں اور عوامی اجتماعات میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی، اس سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ جمہوریت، ترقی اور عوامی خدمت کی سیاست کا ساتھ دیا ہے، آج بھی وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی امیدوں اور امنگوں کی نمائندہ جماعت سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ 7 جون کو کامیابی پیپلز پارٹی کا مقدر بنے گی،پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور ان شاء اللہ عوامی حمایت کے بل بوتے پر گلگت بلتستان میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے نئے باب رقم کرے گی۔

