فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں،بابر یوسفزئی

کوئٹہ(این این آئی) معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اظہارِ اطمینان، جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دہشت گرد عناصر کے خلاف ریاستی عزم کا واضح مظہر ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں، انہیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنایا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور انہیں ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔،دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب نہیں کر سکتے، ریاست ان کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ادارے یکسو اور پْرعزم ہیں۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر بہادر افسران اور جوان پوری قوم کے فخر اور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں