مستونگ(این این آئی)عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر پائلٹ ماڈل سکول میں ادارہ تحفظ ماحولیات ریجنل آفس مستونگ کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں سرکاری افسران، اساتذہ، طلباء، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، ماحول کے تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مستونگ افضل سرپرہ مقبول بنگلزئی ڈی اے اوشوکت بنگلزئی ڈپٹی ڈائریکٹر مالیات سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید خطرات سے دوچار ہے جبکہ صوبہ بلوچستان ان تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہیانہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث موسموں کا نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے، بروقت بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی اور پانی کی قلت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ بعض اوقات غیر متوقع اور شدید بارشیں بھی نقصانات کا سبب بن رہی ہیں۔مقررین نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی، درختوں کی کٹائی اور بے ہنگم آبادی ماحول کیلئے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ درخت ماحول کو صاف رکھنے، گرمی کی شدت کم کرنے اور بارشوں کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور صرف پودے لگانے تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی حفاظت اور آبیاری کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ایک سرسبز اور صاف ماحول کو فروغ دیا جاسکے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاءمیں ماحول دوستی سے متعلق آگاہی مواد بھی تقسیم کیا گیا جبکہ شجرکاری مہم کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔سیمنار کے اختتام پر شیلڈ بھی تقسیم کئے گئے۔

