خاران(رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی )گزشتہ رات بابا مارکیٹ نزد نیشنل بینک خاران میں واقع بارگین موٹر سائیکل شوروم کا تالہ توڑ کر نامعلوم چور تین قیمتی موٹر سائیکل چوری کرکے لے گئے۔ واقعہ کے بعد انجمن تاجران خاران کے سینئر نائب صدر حاجی عبد الغفار مسکانزئی، جنرل سیکرٹری خلیل عالم کبدانی ، نائب صدر محمد عارف لعل، کوآرڈینیٹر عتیق لالا ودیگر تاجروں کے ہمراہ متاثرہ دکاندار سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ اور تاجر برادری کی جانب سے شاہوانی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور تفتیش کے لیے فنگر پرنٹس، جیو فینسنگ اور کھوجی کتوں سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ چوروں کو بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔تاجروں نے مطالبہ کیا کہ کھوجی کتوں اور دیگر تفتیشی اقدامات کے اخراجات ایم پی اے خاران فراہم کریں تاکہ تحقیقات میں تیزی لائی جا سکے اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جا سکے۔مظاہرے کے دوران ایم پی اے خاران کے نمائندے ملک جہانزیب شیخ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کے مطالبات فوری طور پر ایم پی اے اور ضلعی انتظامیہ تک پہنچائے جائیں گے اور مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔تاجروں نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا اور چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو تاجر برادری غیر معینہ مدت تک بازار بند رکھنے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی دریں اثناء خاران بازار میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف انجمن تاجران خاران کے احتجاجی مظاہرے کا صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات ایم پی اے خاران میر شعیب نوشیروانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انجمن تاجران خاران کے جنرل سیکرٹری خلیل عالم کبدانی سے رابطہ کرتے ہوئے عطاء اللہ کبدانی کی دکان میں ہونے والی چوری کی واردات پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ضروری اقدامات میں تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے آفیسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔اس موقع پر انجمن تاجران خاران کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات کے فوری نوٹس، دلچسپی اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تاجر برادری اور عوام کے باہمی تعاون سے جرائم پیشہ عناصر کو بے نقاب کرکے خاران میں امن و امان کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور شہر کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنایا جائے گا

