کوئٹہ(این این آئی) ایف آئی اے فزیکل ٹیسٹ میں دھوکہ دہی کی کوشش ناکام، جعلی امیدوار رنگے ہاتھوں گرفتار۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کوئٹہ میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم اسپورٹس کمپلیکس میں جاری سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور کانسٹیبل کے ٹیسٹ کے دوران امتحانی مرکز سے جعلی امیدوار کو گرفتارکرلیا ملزم اپنے کزن کی جگہ غیر قانونی طور پر جسمانی فٹنس ٹیسٹ دینے کی کوشش کر رہا تھا۔ترجمان کے مطابق تصدیقی کاؤنٹر پر فیس میچنگ اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران جعل سازی پکڑی گئی۔دورانِ تفتیش ملزم نے کزن کو دھوکہ دہی سے نوکری دلوانے کے لیے ٹیسٹ دینے کا اعتراف کر لیا۔ایف آئی اے نے جعلی امیدوار کو حراست میں لے کر جعلی دستاویزات ضبط کر لیں اور اینٹی کرپشن سرکل میں ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے میں بھرتی کے عمل میں زیرو ٹولرینس پالیسی نافذ ہے۔تمام مراحل جدید بائیومیٹرک ٹیکنالوجی سے لیس اور شفاف ہیں۔نظام کو دھوکہ دینے والوں کو فوری گرفتاری، فوجداری مقدمات اور سرکاری ملازمت کے لیے نااہلی کا سامنا کرنا ہوگا۔

