کوئٹہ (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سردار سیدل خان ناصر نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر لوگوں کو متحد کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنے نو مقررکردہ کوآرڈینٹرز سے تعرفی اجلاس اور ذمہ داریوں کے تعین کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جہانگیر خروٹی، میر زمان لہڑی، امبروز جان،سمیرا خان، امجد عزیز بھٹی، مریم لیاقت، راج کمار، لیاقت اقبال راجپوت موجود تھے۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، مریم نواز سمیت پارٹی قیادت کی سرپرستی میں ہمیشہ عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کی سیاست کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خدمت کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ہمیں بلا رنگ و نسل، سیاسی وابستگی کے معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کی مدد کے لیے بھرپور انداز میں کام کرنا ہوگا۔سردار سیدل خان ناصر نے کوآرڈینیٹرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان پر ایک اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و ترقی کے لیے لیپ ٹاپ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سلائی مشینوں کی فراہمی، مستحق افراد کے علاج معالجے میں معاونت اور خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئرز کی فراہمی جیسے فلاحی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف سیاسی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ عوامی اور سماجی خدمت کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔ اس سلسلے میں تمام کوآرڈینیٹرز اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، محنت اور لگن کے ساتھ نبھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

