سبی(رپورٹر )شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے دوران شہریوں کو صاف اور شفاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سبی متحرک ہے۔ ایگزیکٹیو انجینئر پبلک ہیلتھ سبی شہزادہ فروخ بلوچ کی خصوصی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے سبی شہر کے مختلف محلوں اور آبادیوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم اور فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گۓ ہیں تاکہ شہریوں کو گرمی کے موسم میں پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محکمہ کے افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہ کر پانی کی ترسیل کے نظام کی نگرانی کر رہے ہیں۔شہریوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے دوران صاف پینے کے پانی کی فراہمی کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر شہزادہ فروخ بلوچ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ اور متعلقہ عملے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔اہلیان سبی کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے اور محکمہ پبلک ہیلتھ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہا ہے

