کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے پر دکھ، تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس سفاکانہ اور انسانیت سوز فعل کی بھرپور مذمت کی ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرے میں خواتین، بالخصوص عوامی خدمت کے شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ ڈاکٹر ماہ نور ناصر مریضوں کی خدمت اور انسانی جانوں کے تحفظ کے مقدس فریضے کی انجام دہی میں مصروف تھیں، اور ان پر ہونے والا یہ حملہ نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے معاشرے کے ضمیر پر حملہ ہے۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو اس آزمائش کا سامنا کرنے کے لیے صبر و استقامت عطا فرماے۔

