ڈاکٹرشازیہ کی نجی وذاتی معلومات سوشل میڈیا پر لیک کرنا شرمناک،غیرقانونی عمل ہے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

کوئٹہ(این این آئی) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل نے کہا ہے کہ ڈاکٹرشازیہ کی نجی اور ذاتی معلومات کو سوشل میڈیا پر بدنیتی سے لیک کرنے کے شرمناک اور غیر قانونی عمل کی ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے نہ صرف ایک خاتون ڈاکٹر کی عزتِ نفس پر حملہ ہے بلکہ آزادی اظہار اور احتجاج کے آئینی حق کو دبانے کی مذموم کوشش بھی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی بزدلانہ حرکتیں اور کردار کشی کی مہمات ینگ ڈاکٹرز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں ہم اپنے جائز حقوق اور ڈاکٹرز کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے اس فرسودہ اور انتقامی نظام میں جہاں حق مانگنے پر ذاتیات کو نشانہ بنایا جائے، وہاں باعزت طریقے سے کام کرنا دن بدن ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل نے کہا کہ ہم اعلیٰ حکام، محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو سختی سے خبردار کرتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لیں ڈاکٹرز کی کردار کشی، ہراسانی اور ذاتی معلومات لیک کرنے جیسے گھٹیا ہتھکنڈے فوری طور پر بند کیے جائیں اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن بلوچستان سخت ترین احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل نے کہا کہ ہم سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں