گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی عوام کی فتح، بلاول،آصفہ بھٹو کی متحرک انتخابی مہم نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،میر عبید اللہ گورگیج

کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج نے گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار اور تاریخی کامیابی پر پارٹی قیادت، کارکنوں اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی دراصل عوام کی فتح، جمہوری اقدار کی کامیابی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عوامی فلسفے پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ اپنے بیان میں میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کی واحد جماعت ہے جو عوامی حقوق، جمہوریت، ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے نفرت، تقسیم اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں جس انداز سے بھرپور، متحرک اور پرجوش انتخابی مہم چلائی، اس نے عوام کے دل جیت لیے۔ دونوں قائدین نے نوجوانوں، خواتین اور مختلف طبقات سے براہ راست رابطے کرکے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جس کے مثبت نتائج انتخابات میں واضح طور پر سامنے آئے۔میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کے نوجوانوں کی امید اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت بن چکے ہیں جبکہ آصفہ بھٹو زرداری نے بھی اپنی سیاسی بصیرت، عوامی رابطہ مہم اور متحرک کردار سے پارٹی کو مزید مضبوط کیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج پورے ملک خصوصاً بلوچستان کے لیے بھی ایک مثبت سیاسی پیغام ہیں۔ بلوچستان کے عوام بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں، ترقیاتی وڑن اور قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں صوبے بھر سے پیپلز پارٹی تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سوئپ کرے گی۔میر عبید اللہ گورگیج نیکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری استحکام اور قومی یکجہتی کے مشن کو جاری رکھے گی اور ملک کے ہر خطے میں عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں