سبی(اللہ داد رند) آل بلوچستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) ضلع سبی کے صدر محمد انور خجک نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ آنے والے صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ ملازم طبقے کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔اپنے ایک بیان میں محمد انور خجک نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث سرکاری ملازمین شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، ادویات اور بچوں کی تعلیمی اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جبکہ ملازمین کی آمدنی اس رفتار سے نہیں بڑھ رہی جس کی وجہ سے متوسط اور کم آمدنی والے ملازمین کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین ریاستی امور کی انجام دہی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ حکومت ملازمین کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے اور بجٹ میں ایسے اقدامات کرے جن سے ان کے معاشی مسائل کا ازالہ ہو سکے۔محمد انور خجک نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ، ہاؤس رینٹ اور میڈیکل الاؤنسز میں بہتری، پنشنرز کے لیے خصوصی ریلیف پیکج اور دیگر مراعات کا اعلان کیا جائے تاکہ ملازمین اور ان کے خاندانوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بلوچستان ملازمین کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے زیر غور لاتے ہوئے آئندہ بجٹ میں عملی اقدامات کرے گی اور ملازم دوست پالیسیوں کے ذریعے سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرے گی۔ محمد انور خجک نے کہا کہ ملازمین کی معاشی خوشحالی سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بھی مزید بہتری آئے گی اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

