سبی(اللہ داد رند)وفاقی محتسب اعلیٰ ریجنل افس سبی کی کارکردگی پر عوام کا اعتماد، چار ماہ میں ایک ہزار سے زائد شکایات نمٹا دیں اور مختلف وفاقی محکموں میں سینکڑوں شکایت گزاران کو ریلیف فراہم کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب ریجنل آفس سبی دفتر کی کارکردگی پر عوام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی کا مؤثر ادارہ قرار دیا ہے۔ وفاقی محتسب ریجنل آفس سبی کے انچارج ایڈووکیٹ محمد امین مگسی نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب ایک عوام دوست ادارہ ہے جہاں شکایت درج کروانے کے لیے نہ کسی قسم کی فیس درکار ہوتی ہے اور نہ ہی وکیل کی ضرورت پیش آتی ہے۔انہوں نے یہ بات ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ سبی کے صدر میر اللہ داد رند اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری ندیم بابر مغل سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ریجنل انچارج ایڈووکیٹ محمد امین مگسی نے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران وفاقی محتسب سبی میں گیارہ سو سے زائد شکایات درج کی گئیں جن میں سے ایک ہزار چونتیس شکایات پر فیصلہ کرکے وفاقی محکموں میں عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر سماعت کرکے قانون کے مطابق ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر درج شکایات پر قانونی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب عوام اور وفاقی اداروں کے درمیان ایک مؤثر رابطہ کار کا کردار ادا کر رہا ہے جس کے باعث لوگوں کے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں آنے والے وفاقی اداروں کے خلاف شکایات سنی جاتی ہیں جن میں نادرا رجسٹریشن سینٹر، اکاؤنٹنٹ جنرل آفس، نادرا ، سوئی سدرن گیس کمپنی، کیسکو، پاسپورٹ آفس، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ہائر ایجوکیشن، نیشنل بینک آف پاکستان، نیشنل سیونگزبینک، شرعی ترقیاتی بینک، وفاقی بہبود و اجتماعی فنڈز، پاکستان پوسٹ آفس، بیت المال، پاکستان ریلوے، پاکستان ٹیلی ویژن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن سمیت دیگر وفاقی ادارے شامل ہیں۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اگر انہیں کسی بھی وفاقی ادارے سے متعلق شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاجھجھک وفاقی محتسب کی عدالت سے رجوع کریں تاکہ ان کے مسائل کو قانون کے مطابق جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے نمائندوں نے وفاقی محتسب ریجنل دفتر سبی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے عوام کو فوری انصاف اور ریلیف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس سے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

