کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، شیخ مولانا عبدالاحد، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی محمد روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ اور مولانا محمد عارف شمشیر نے کہا ہے وحدت کالونی کے دلخراش سانحے نے انسانیت کا کلیجہ چیر کر رکھ دیا یہ معاشرتی بے حسی یا انصاف میں تاخیر کا بھیانک انجام ہیجہاں ایک خاندان کا المناک انجام معاشرے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انصاف کی فراہمی کے نظام پر کئی سنگین سوالات چھوڑ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت اخوت رواداری اور باہمی احترام کا دین ہے جو معاشرتی زندگی میں ہمسایوں رشتہ داروں اور تمام انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک خیرخواہی اور تعاون کا درس دیتا ہے۔ ایک مسلمان اور مہذب معاشرے میں ہمسایہ اپنے ہمسائے کے لیے تحفظ اعتماد اور سہارا کا ذریعہ ہوتا ہے نہ کہ خوف اور نقصان کا سبب انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اخلاقی اقدار سماجی روایات اور انسانی ہمدردی کے جذبات بتدریج کمزور ہوتے جا رہے ہیں جس کے باعث ایسے افسوسناک واقعات جنم لے رہے ہیں جو اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتے ہیں۔ وحدت کالونی کا المناک سانحہ انتہائی دلخراش افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے جس نے اہلِ شہر کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو بیان نے متعدد اہم سوالات کو جنم دیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے وحدت کالونی سانحہ کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور انصاف کے تقاضے پورے کریں گے۔

