محرم الحرام کے تمام ماتمی جلوس مقررہ اور منظور شدہ روٹس سے ہی گزریں گے،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد

جعفرآباد(این این آئی)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں علمائے کرام، متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلعی حکام کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، ماتمی جلوسوں کے روٹس اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام ماتمی جلوس مقررہ اور منظور شدہ روٹس سے ہی گزریں گے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر اور جلوسوں کے راستوں میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے حکام بالا کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ عزاداروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں امن و امان کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور تعاون برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں