کوئٹہ(این این آئی) آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کا اہم تنظیمی اجلاس صدر میرعبدالسلام لانگو کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک عبدالغفار مندوخیل، جنرل سیکرٹری ملک مجید مہترزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی اوردیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل بالخصوص بی پی پی آر اے اور نیشنل بینک آف پاکستان کے چالان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تنظیم کی ضلع بندی کے عمل اور مختلف اضلاع کے لیے تنظیمی ڈھانچے پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا اس سلسلے میں متعدد اضلاع کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیداران کے ناموں پر مشاورت کی گئی اور بعض ناموں پر اتفاقِ رائے بھی کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جلد ہی تمام مرکزی اور ضلعی عہدیداران کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ضلعی تنظیموں کی حتمی منظوری، ذمہ داریوں کی تقسیم اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے میر عبدالسلام لانگو،عبدالغفار مندوخیل اوردیگر نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو غیر ضروری مالی اور انتظامی مشکلات سے نجات دلانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ کیا جائے گا اور ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹینڈر دستاویزات کی طباعت، کاغذی کارروائی اور دیگر انتظامی اخراجات کے باعث بعض فیسوں کا جواز موجود تھا تاہم اب تقریباً تمام سرکاری محکمے ای ٹینڈرنگ سسٹم کے تحت کام کر رہے ہیں ٹینڈر دستاویزات ویب سائٹس سے براہِ راست ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہیں، جن کی پرنٹنگ اور دیگر اخراجات خود ٹھیکیدار برداشت کرتے ہیں اس صورتحال میں محکموں پر کاغذ، پرنٹنگ یا دستاویزات کی فراہمی کا کوئی اضافی بوجھ باقی نہیں رہتا۔انہوں نے کہا کہ چالانات جمع کروانے کے لیے ٹھیکیداروں کو بینکوں میں طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے، جس سے وقت کا ضیاع، ذہنی پریشانی اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے یہ مسئلہ پورے بلوچستان کے ٹھیکیداروں کے لیے ایک مستقل دشواری بن چکا ہے۔انہوں نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ ٹینڈر فیس اور گرین چالان کے موجودہ نظام کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور اگر ممکن ہو تو ان غیر ضروری چالانات کو ختم کرکے ٹھیکیدار برادری کو ریلیف فراہم کیا جائے اگر ان چالانات کی قانونی یا انتظامی حیثیت برقرار رکھنا ضروری ہو تو اس حوالے سے ایک واضح اور تحریری پالیسی جاری کی جائے تاکہ تمام فریقین کو اس کی مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔اجلاس میں آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم صوبے بھر کے ٹھیکیداروں کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور ایک مضبوط و فعال تنظیمی ڈھانچے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

