نادہندہ صارفین بجلی بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں،کیسکو

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کی جانب سے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کے حامل نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم صوبہ بھرمیں تیزی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں تمام نادہندہ سرکاری محکموں سمیت نجی اداروں، گھریلو، کمرشل اوردیگرنادہندہ صارفین کوبلوں کی ادائیگی سے متعلق نوٹسز بھی اُنکے موجودہ بجلی بل پر ارسال کردئیے گئے ہیں تاکہ مقررہ تاریخ تک موجود ہ بجلی بل اور بقایاجات کی ادائیگی کریں۔بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں کیسکوٹیمیں بلاتفریق نادہندہ صارف کے برقی کنکشنزمنقطع کررہے ہیں جبکہ بجلی منقطع ہونے کے بعد مکمل بجلی بل کی ادائیگی تک اُن کے کنکشنز دوبارہ نہیں لگائے جائیں گے۔ نادہندگان کی جانب سے بجلی کے موجودہ بل اور بقایاجات جمع نہ کرانے کی وجہ سے کمپنی کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوتاجارہاہے جس کی وجہ سے صوبہ میں بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کے علاو ہ دیگرصارفین کیلئے لوڈشیڈنگ جیسے کئی مسائل بھی پیداہورہے ہیں چونکہ کیسکوبجلی خریدنے اور بیچنے والی ایک کمپنی ہے جو بغیر ادائیگی کے کسی بھی صارف کوبجلی فراہم نہیں کرسکتی صارفین کو بجلی فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کرے جو صرف اور صرف تمام صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ کیسکوتمام نادہندہ صارفین، صنعتی، کمرشل، گھریلو، سرکاری اور غیرسرکاری صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ و ہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ واجب الادا بقایاجات بھی فوری طورپراداکریں بصورت دیگر کیسکواُن تمام نادہندگان کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کرے گی اورنادہندہ صارف کے کنکشن منقطع ہونے کی صورت میں کمپنی اُنکے کسی بھی زحمت یاپریشانی کی ذمہ دارنہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں