مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل کی زیر صدارت اجلاس،مختلف یونینز کے قیام کا فیصلہ

ماشکیل (این این آئی)اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل ثناء اللہ بلوچ کے زیر صدارت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں بازار پنچائت کے صدر تاجروں دکانداروں اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں اشیائے خوردونوش، نان، گوشت، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل نے کہا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ اور ضروری اشیاء کی مناسب نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تندور مالکان، قصاب حضرات اور پیٹرول و ڈیزل سے وابستہ افراد کی الگ الگ یونینز تشکیل دی جائیں گی تاکہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں، معیار اور دستیابی کی نگرانی کی جا سکے اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یونینز انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گی اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی اسسٹنٹ کمشنر ثناء اللہ بلوچ نے کہا کہ تین کے دن اندر یونینز بنا کر نیا نرخ نامہ جاری کیا جائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر بازار کا معائنہ کیا جائے گا جبکہ نان، گوشت، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی بازار پنچائت کے صدر اور دیگر شرکاء نے انتظامیہ کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تاجر برادری عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مہنگائی کے خاتمے، قیمتوں میں استحکام اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ، بازار پنچائت اور متعلقہ یونینز مشترکہ طور پر کام کریں گی تاکہ عام شہریوں کو روزمرہ ضروریات کی اشیاء مناسب نرخوں پر میسر آ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں