ڈیرہ بگٹی (نمائندہ خصوصی) تحصیل سوئی میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عوام میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے کے لیے فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کی جانب سے مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔
فلیگ مارچ میں ایف سی اور پولیس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ مارچ شہر کے مختلف اہم شاہراہوں، بازاروں اور حساس علاقوں سے گزرا جہاں سیکیورٹی فورسز نے اپنی موجودگی کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر شہریوں کو محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور قانون کی پاسداری کا پیغام بھی دیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فورسز الرٹ ہیں۔
عوامی حلقوں نے ایف سی اور پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رہے گی اور شہری خود کو محفوظ محسوس کریں گے۔

