سبی (اللہ داد رند) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) سبی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ادارے کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ محکمہ مالی طور پر خود کفیل ہو کر عوام کو مزید بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرسکے محکمہ حکام کے مطابق شہریوں کا تعاون نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں بہتری لائے گا بلکہ پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی مؤثر بنائے گا۔محکمہ پی ایچ ای کے ذمہ داران نے کہا ہے کہ کونسلرز٬علاقائی معتبرین اپنے اپنے وارڈز میں آگاہی مہم چلائیں اور عوام کو اس بات سے آگاہ کریں کہ وہ اپنے غیر قانونی پانی کے کنیکشن فوری طور پر قانونی بنوائیں اس مقصد کے لیے شہری محکمہ پی ایچ ای کے دفتر سے رابطہ کریں اور مقررہ قانونی تقاضے پورے کرکے کنیکشن کو رجسٹرڈ کرائیں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنیکشنز کی وجہ سے محکمہ کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے جس سے ترقیاتی کام اور عوامی خدمات متاثر ہوتی ہیں اگر تمام شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانونی طریقہ کار اپنائیں تو محکمہ اپنی آمدن میں اضافہ کرکے پانی کی ترسیل کے نظام کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے محکمہ حکام نے مزید کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کسی بھی ادارے کی بہتری ممکن نہیں، اس لیے شہریوں، منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آگاہی مہم کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور شہری ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے محکمہ کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ سبی میں عوامی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

