صحبت پور( عطا محمد کھوسہ ) فریدآباد کے عوامی ہمدرد، غریب پرور اور عوامی حقوق کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرنے والے میر بہادر خان کھوسہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اے سی ایریگیشن نصیر آباد ڈویژن مدثر کھوسہ کی شبانہ روز محنت، مسلسل نگرانی اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث پٹ فیڈر میں پانی کی مقدار 5 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے، جس کے نتیجے میں پٹ فیڈر کینال کی ذیلی شاخوں میں بھی پانی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے جبکہ نصیر شاخ کے ٹیل تک پانی کی رسائی یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم پیش رفت پر علاقے کے کاشتکاروں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے کیونکہ پانی کی دستیابی زرعی سرگرمیوں کے لیے نہایت خوش آئند ثابت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدثر کھوسہ اور محکمہ ایریگیشن کی کاوشوں سے برسوں بعد نہری نظام میں واضح بہتری محسوس کی جا رہی ہے۔
میر بہادر خان کھوسہ نے بتایا کہ گزشتہ روز سے مدثر کھوسہ مسلسل رابطے میں تھے اور نصیر شاخ کے ٹیل تک پانی پہنچانے میں کامیاب ہوئے، جہاں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی اور انسانوں سمیت چرند پرند بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے تھے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف ایریگیشن اور متعلقہ حکام مزید مؤثر اقدامات کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ نہ صرف شاخوں بلکہ ان کے آخری سروں (ٹیل) تک بھی وافر مقدار میں پانی پہنچے تاکہ تمام کاشتکار یکساں طور پر مستفید ہو سکیں اور زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو۔
علاقے کے کاشتکاروں نے محکمہ ایریگیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے تاکہ کسی بھی علاقے کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

