محرم الحرام امن، بھائی چارے، برداشت اور بین المسالک ہم آہنگی کا درس دیتا ہے،معاون وزیر داخلہ

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے زیرِ اہتمام محرم الحرام کے سلسلے میں تاجر امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں حکومتی نمائندوں، علمائے کرام، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے اراکین، مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں، سماجی شخصیات اور بلوچستان بھر سے تعلق رکھنے والے تاجر قائدین نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیتے ہوئے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن، یکجہتی اور باہمی احترام کی فضا کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام طبقات مل کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ کانفرنس سے معاون وزیر داخلہ بابر یوسفزئی، صدر مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان سید عبدالقیوم آغا، حاجی جواد رفعی، رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی سید داؤد آغا، چیئرمین سید یاسین آغا، تاجر اتحاد بلوچستان کے صدر سید حیدر آغا، جنرل سیکرٹری حاجی محمد یوسف، ترجمان کاشف حیدری، صادق کاکڑ، اسلم رند، نعمان کاکڑ، میر حمزہ خلجی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمیں صبر، برداشت، قربانی، اخوت، رواداری اور حق و سچ پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓاور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک روشن مثال ہے جو ہر دور میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان ہمیشہ امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کی علامت رہا ہے جہاں مختلف مکاتب فکر کے افراد نے ایک دوسرے کے عقائد و نظریات کا احترام کرتے ہوئے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا اور نفرت، انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے علماء کرام، تاجروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، نوجوانوں اور عوام الناس کو مل کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر تاجر برادری کا تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے اور آئندہ بھی تاجروں کا مکمل تعاون جاری رہے گا تاکہ عزاداروں، منتظمین اور انتظامیہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نہ صرف ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ امن و استحکام کے قیام میں بھی ہمیشہ اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان صوبے میں بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور سماجی استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جس سے امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملے۔ انہوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور اداروں کے درمیان باہمی تعاون ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطوں، مؤثر حکمت عملی اور مربوط اقدامات کے ذریعے صوبے میں امن کی فضا کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ہر اس قوت کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے جو معاشرے میں نفرت، انتشار اور تفرقہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ تقریب سے جبار خان خلجی، سردار علی رضا، صدام یوسفزئی، صدیق یوسفزئی، حاجی سعداللہ لہڑی، حاجی محمد علی چنگیزی، گلزار خلجی، سہیل خان کاکڑ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں