کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیم دوست وژن اور صوبے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کے تحت شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالرشپ پروگرام میں بلوچستان کے تین نو تشکیل شدہ ریونیو اضلاع ویسٹ/اپر ڈیرہ بگٹی، برشور اور تمپ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے اس اہم اقدام کے بعد مذکورہ اضلاع کے میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات بھی اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے، جس سے ان کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے نئے مواقع میسر آئیں گے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات اور تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات کے تحت اسکالرشپ پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے تمام اضلاع کے باصلاحیت طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کی شمولیت سے وہاں کے ہونہار اور محنتی طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور انہیں اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت تعلیم کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالرشپ پروگرام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے خالد ماندائی نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ صوبے کے مستحق اور ذہین طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے اور حکومت کی پالیسی کے مطابق کسی بھی باصلاحیت طالب علم کو مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسکالرشپ پروگرام میں نئے اضلاع کی شمولیت سے تعلیمی میدان میں مثبت مسابقت کو فروغ ملے گا اور نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع حاصل ہوں گے۔

