خاران میں بجلی مسائل کے حل کیلئے اہم اجلاس، نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

خاران (رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی )ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کے ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خاران عمر جمالی کی زیر صدارت بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ڈی او واپڈا، تمام فیڈرز انچارجز، سیاسی و قبائلی شخصیات اور انجمن تاجران رجسٹرڈ کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بجلی کی فراہمی، ٹرانسفارمرز کے جلنے، بلوں کی ادائیگی، غیر قانونی کنکشنز اور دیگر درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خاران عمر جمالی نے کہا کہ ایم پی اے خاران و صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب جان نوشیروانی کی خصوصی دلچسپی کے باعث سرکاری اداروں اور مستحق و نادار افراد کے بجلی بلوں کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، لہٰذا عوام الناس بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے ایس ڈی او واپڈا کو ہدایت کی کہ بل نادہندگان اور غیر قانونی بجلی کنکشنز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔اجلاس میں تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بجلی کے نظام کی بہتری، لائن لاسز میں کمی اور بلوں کی بروقت ادائیگی کے لیے واپڈا انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ خاران میں بجلی کے مسائل کے پائیدار حل کو یقینی بنایا جا سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں