جھڈیر شاخ سے ناجائز پائپ نہ ہٹائے گئے تو بھوک ہڑتال کریں گے، نصیب اللہ کھوسہ

صحبت پور (عطا محمد کھوسہ) سابق ڈی ایس پی نصیب اللہ کھوسہ نے جھڈیر شاخ پر ناجائز پائپ لگانے والے زمینداروں اور ان کی سرپرستی کرنے والے محکمہ ایریگیشن کے اہلکاروں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیل پر آباد کاشتکاروں کا پانی پر اتنا ہی حق ہے جتنا ہیڈ کے آبادگاروں کا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر سال جھڈیر شاخ پر نئے ناجائز پائپ لگا کر ٹیل کے زمینداروں اور کاشتکاروں کے حصے کا پانی چوری کیا جاتا ہے، جس کے باعث ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پانی کی شدید قلت کا شکار ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ناانصافی کے خلاف مزید خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔
نصیب اللہ کھوسہ نے خبردار کیا کہ اگر 5 جولائی تک جھڈیر شاخ سے تمام ناجائز پائپ نہ ہٹائے گئے تو وہ دیگر زمینداروں کے ہمراہ ڈیرہ مراد جمالی میں ایریگیشن آفس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرکے خود بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کا آخری اور حتمی اعلان ہے اور ٹیل کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں