صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) جعفرآباد کےہیڈکوارٹر شہر ڈیرہ اللہ یار میں جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکال کر مظاہرہ کیا گیا ۔ ڈیرہ اللہ یار میں جماعت اسلامی جعفرآباد کے ضلعی امیر مولانا ایوب منصور کی قیادت میں کارکنوں نے جماعت اسلامی سیکٹریٹ سے احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا ، احتجاجی ریلی جماعت اسلامی کی مرکزی کال پر نکالی گئی ، ریلی میں یونین کونسل چیئرمین مٹھا خان بادینی ، جعفر خان بادینی ، حاجی لعل بخش کھوسہ ، محمد امین بگٹی ، محمد یوسف منگریو سمیت دیگر رہنماء بھی شریک تھے ، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف نعرے درج تھے ، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ایوب منصور نے کہا کہ امریکہ ، ایران امن معاہدہ ہونے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا حکومت کا عوام دشمن اقدام ہے ، حکمران عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر خود عیاشیاں کر رہے ہیں ، عوام معاشی بوجھ تلے دب چکی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی جائے ۔

